شیکسپیئر کے ڈراموں پر مختصر فلموں کی تیاری

jacobiانگریزی ادب کے مشہور ڈرامہ نگار ولیئم شیکسپیئر کی 400ویں برسی کے موقع پر ان کے 37 ڈراموں پر مختصر فلموں کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مختصر ڈراموں کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے لیے اداکاروں کو اپنے مکالمے فلمانے کے لیے دنیا بھر ان مقامات پر بھیجا گیا ہے جن کا ذکر ڈراموں میں کیا گیا ہے۔ شیکسپیئر کے پرستار اب ڈراموں میں قلوپطرہ کو حقیقی مصر، جولیئس سیزر کو روم کے رومن فورم اور ہیملٹ کو ڈنمارک کے شہر ایلسی نور میں دیکھ سکیں گے۔ دس منٹ دورانیے کی یہ فلمیں 23 اور 24 اپریل سنہ 2016 کو لندن میں دریائے ٹیمز کے کنارے نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔ منصوبے کا خیال پیش کرنے والے اور شیکسپیئر گلوب کے آرٹسٹک ہدایت کار ڈومینیک ڈرومگول کا کہنا ہے ’یہ دیکھنا ایک عظیم بات ہے کہ شیکسپیئر کو کس طرح بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور پوری دنیا نے انھیں کس طرح اپنایا ہے۔‘

hakespeareاُن کا کہنا ہے کہ تمام فلمیں ہر ڈرامے کا ’مکمل خلاصہ‘ ہوں گی اور ان میں اُن لوگوں کے لیے ’مکمل اور جامع تعارف‘ پیش کیا جائے گا جو شیکسپیئر کے ڈراموں سے متعلق کچھ بھی نہیں جانتے۔ اگلے چھ ماہ کے دوران شیکسپیئر کے ڈراموں میں کام کرنے والے معروف اداکاروں کے ساتھ کم دورانیے کی فلموں کی عکس بندی کی جائے گی۔ تاہم اُن اداکاروں کے ناموں کا اعلان اب تک نہیں کیا گیا جو اپنے مکالمے ڈرامے کی مناسبت سے حقیقی مقامات پر فلم بند کرائیں گے۔ اپریل میں شیکسپیئر کی برسی کے موقعے پر ویسٹ منسٹر سے لے کر ٹاور برج کے درمیان ایستادہ 37 بڑی سکرینوں پر اُن کی تمام فلمیں دکھائی جائیں گی۔ ڈرموگل کے مطابق: ’ہمارے خیال میں یہ ضروری تھا کیوں کہ یہ لندن کا مرکز تھا اور شیکسپیئر نے اپنا زیادہ تر کام یہیں کیا تھا اور پہلی مرتبہ وہ ڈرامے یہیں دیکھے گئے تھے۔‘

ان کے مطابق ’عوام کے پاس یہ اختیار ہو گا کہ وہ اُن کے انفرادی ڈرامے دیکھیں یا پھر مکمل کام دیکھ سکیں۔ یہ بہت شاندار ہوگا کہ وہ بیٹھ کر ہر ڈرامے پر بننے والی دس منٹ کی فلم دیکھیں لیکن میں یہ تصور نہیں کر سکتا کہ لوگ ایسا کریں گے۔‘ اس منصوبے کے لیے برٹش کونسل، لندن کے میئر اور ایک نامعلوم عطیہ کنندہ کی مدد سے گلوب کو پانچ لاکھ یورو دیے گئے ہیں۔ اُمید کی جا رہی ہے کہ 2016 میں یہ فلمیں برطانیہ بھر کے مختلف شہروں اور بین الاقوامی سطح پر بھی پیش کی جائیں گی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *