برائے فروخت

ali raza ahmed
ہوش کے ناخن:ہوش کے ناخن کا کمرشل پیک فروخت کے لئے پیش ہے جس نے یہ لینے ہیں وہ جلد از جلد اپنی خواہش کا اظہار فرمائیں۔ اس کی قیمت پراپرٹی کی قیمت کی طرح تگنا ہونے کا اہتمال ہے لہذاجو احباب اس کے بارے میں سستی سے کام لے رہے ہیں وہ ذرا ہوش کے ناخن لیں اور خریدکر سٹاک کر لیں تاکہ پراپرٹی اور ہوش کے ناخن لینے سستی آپ کو ایک نہ ایک دن خودکشی پر مجبور کر دے گی۔
افواہیں:افواہوں کی محدود تعداد چالو حالت میں سر بمہر فروخت کے لئے فیکٹری ریٹ پر پیش کی جا رہی ہیں۔ افواہ کا واحد فوہ ہے اور فوہ کے معنی منہ کے ہیں۔اس لئے کہتے ہیں ’’جتنے منہ اتنی باتیں ‘‘ ہمارا دعوی ’’ہماری افواہ پُرسکون اغوا‘‘ہماری قابل بھروسہ افواہوں سے آپ حسب ضرورت ہر ’’ جائز‘‘کام لے سکتے ہیں اور اپنے مخالفین کا سیلابی ریلوں سے زیادہ نقصان کر سکتے ہیں۔پہلے دس خریداروں کو تازہ افواہوں کے ساتھ ایک عدد مشین مفت دی جائی گی جس کے استعمال سے وہ انہیں ترتیب کے ساتھ ادھر ادھر پھیلاسکتے ہیں تاکہ ان کی افادیت ضائع نہ ہونے پائے اور لوگ اسے سنتے ہی اُف اُف کر بیٹھیں ۔ان دو دھاری افواہوں کے فوری اثرات سے آپ نوجوانوں حیوانوں اور ایوانوں میں ہل چل مچا سکتے ہیں ۔تخریب کار وں کے لئے خاص رعایت...
جہاز:ایک بغیر پائلٹ کا جہاز جس میں ڈیک ، ڈگی اورڈاننگ ٹیبل کی سہولت موجود ہے فروخت کے لئے پیش ہے اس نے ماضی میں سب سے زیادہ کامیابی سے اپنے ٹارگٹ کو جا لیا تھا ۔ یہ اڑتا بھی ہے اور اڑاتا بھی ....اسے یو ں سمجھ لیں کہ یہ ڈرون کا دیور ہے اور اسے ڈر پوک قوموں کو ڈرانے اور درماندہ لوگوں کو دھمکانے کے لئے بنایا گیا ہے فروخت کے لئے پیش ہے اور ساتھ اس کے کل پرزے مفت حاصل کریں ۔
پرانی کتابیں:تحریر کے قدر دانوں کے لئے تو اخبار بھی پرانی نہیں ہوا کرتی اورکتابیں کیسے۔مگر یہ بھی ممکن ہے کہ گاڑی کی طرح پرانی کتابیں بیچ کر نئی لے لی جائیں۔لیکن کتاب تو کیا لوگ وہ کچھ بھی بیچ دیتے ہیں جوبعد میں بھی انہیں کی ملکیت رہتا ہے یعنی ضمیر ...ہمیں یقین ہے کہ آپ انہیں ردی کے بھاؤ نہیں تولیں گے۔ڈبل بیڈ:یہ Bedبالکل نیا کا نیا ہے کیونکہ یہ ایک ایسے موسیقی کے شوقین سنگل فیز رنڈوے کے زیر استعمال ہے جس کے اپنے ارگرد کسی سے کوئی ’’مراثم‘‘نہیں ہیں۔ڈبل بیڈ کا سنگل مالک ایک طرف وہ خود سوتا ہے اور دوسری طرف ایک نیا نویلا طبلا رکھاہواہے اوریوں بیڈ صرف پچاس فی صد استعمال ہوا ہے بلکہ یوں سمجھ لیں کہ اس بیڈ نے خودآرام ہی آرام کیا ہے ۔ اب ’’مالک ‘‘نئی شادی کے چکر میں گھر کا ’’ساز‘‘و سامان ارزان قیمت پر فروخت کرنے کا خواہش مند ہے۔
دریائی گھوڑا:فروخت کے لئے پیش یہ دریائی گھوڑا ذرا لنگڑا تا ہے لیکن اس کا فائدہ یہ ہے کہ جب بھی اسے منڈی میں بیچنے جائیں واپسی پر نیند خوب آتی ہے بلکہ مالک سے پہلے ہی اس کی آنکھ لگ چکی ہوتی ہے یہ عام گھوڑے سے جلدی سو جاتا ہے کیونکہ یہ ایک آنکھ سے محروم بھی ہے اس لئے یہ کسی کو ایک آنکھ نہیں بھاتا اور یوں چوری کاخطرہ بھی ٹلا رہتا ہے۔جب سے ہارس ٹریڈنگ کا معاملہ گرم ہوا ہے دریائی گھوڑے بالکل نظر انداز کر دیا گیا لیکن کمپنی اس پر آنے والے اخراجات کی وجہ سے دیوالیہ ہو گئی تھی مگر کراچی میں کچھ سمندری گھوڑوں نے سب نقصان پورا کر دیا ہے اور صرف ایک ہی بچا ہے۔
ڈنڈے : کچھ قابل اعتماد ڈنڈے جن سے بالخصوص حکومت کرنے میں آسانی ہوا کرتی ہے بوجہ مجبوری فروخت کے لئے پیش ہیں کیونکہ مستقبل قریب میں اس کا استعمال شاید عوام کے مفاد میں نہ ہو۔مال زیادہ پرانا نہیں اور کم چلا ہے بس ماضی قریب میں اسے وکلا پر چلایا گیا تھا اور اب ان کا مالک بھی بیرون چلا گیا ہے ۔حکومت کرنے کے لئے ڈنڈے کے ساتھ ساتھ تھوڑی ڈنڈی بھی مارنا پڑتی ہے چوری لاکھ کی بھی اور کاکھ کی بھی ایک جیسی ہوتی ہے بہتر یہی ہے کہ ڈنڈی کی بجائے ڈنڈے سے کام چلایا جائے۔ جیسے کہا جاتا ہے جمہوریت کا ڈنڈا عوام کے ذریعے عوام کے لئے عوام کی پیٹھ پر۔یہ عام استعمال ، مفیداورکارآمد چیز ہے اسے پراپرٹی کی طرح خرید کر رکھ لیں کام آئے گی...
پلاٹ:ایک بے گناہ کو قتل کرنے کے لئے بنایا گیا’’ پلاٹ‘‘ برائے فروخت کے لئے پیش ہے چونکہ صاحبِ ٹارگٹ بے گناہ تھا اس لئے اسے وقت سے پہلے ہی داغ مفارقت دے گیا تھا ۔اسے فوری فروخت کی ایک مجبوری یہ بھی ہے کہ پلاٹ پڑا پڑا پرانا ہو رہا ہے اور اس کو ڈیزائن کرنے والا دوبئی جا رہا ہے اس لئے دہشت گردوں سے اپیل ہے کہ وہ اسے کم قیمت میں حاصل کر کے فوری استفادہ حاصل کر سکتے ہیں اور اس کے ’’جاگ‘‘ سے کئی نہتوں کو سُلاسکتے ہیں...
رونق:دیسی رونق اور گہما گہمی کی بڑی مقدار فروخت کے لئے پیش ہے ۔ اس کی خاصیت یہ ہے کہ اس کے استعمال کی وجہ سے آپ کے پولنگ سٹیشن پر رونق ہی رونق محسوس ہوتی ہے اور آپ کے مخالفین کی ہمت جواب دے جاتی ہے اور اوساں خطا ہو جاتے ہیں ۔اس رونق کے ساتھ آپ کو ویرانی کا ایک تحفہ مفت ملے گا جسے آپ اپنے مخالفین کے ڈیرے پر ڈال کر اسے پریشان کر سکتے ہیں۔اس ریڈی میڈرونق کو صرف دو وقت کی روٹی اور چند ٹینٹ درکار ہونگے ۔کچھ لوگ ہماری اس پراڈکٹ میں افغان مہاجرین کی ملاوٹ کر کے بیچ رہے ہیں جن کے خلاف تادیدی کارروائی کی جاسکتی ہے ۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *