مضبوط دفاع کےقیام کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ نا گزیر ہے، وزیراعظم نواز شریف

nawazوزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے لیے پاک فوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کرے گی لیکن مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر مضبوط ملکی دفاع کا قیام نا ممکن ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے ہفتہ کو کاکول میں 129 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 48ویں تکنیکی کورس اور تیسرے مجاہد کورس کی تکمیل کے موقع پر صدارتی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نواز شریف نے پاسنگ آؤٹ کورس مکمل کرنے والے کیڈٹوں کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان آرمی میں ہمارے نئے افسروں کی عملی زندگی کے آغاز کا دن ہے اور میرے لیے اس پاسنگ آؤٹ پریڈ کے یادگار موقع پر خطاب کرنا باعث اعزاز ہے۔
اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، میجر جنرل نذیر احمد بٹ، کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی، کامیاب کیڈٹس اور دیگر معزز مہمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اس عظیم درسگاہ سے ملٹری ٹریننگ کی کامیاب تکمیل پر اپنی طویل کوششوں کا صلہ ملا ہے اور قوم سرحدوں کی حفاظت کے ضمن میں آپ پر بھر پور اعتماد کرسکتی ہے۔
نواز شریف نے نوجوانوں سے کہا کہ پاک فوج میں شمولیت کے ساتھ ہی آپ کے کندھوں پر بے شمار ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں، آپ کو مشکل حالات کا ڈٹ کا مقابلہ کرنا ہے اور اپنے کردار کی مضبوطی اور عزم و استقلال کے ذریعے شاندار روایات کو بھی سر بلند رکھنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فوج کا پیشہ اپنی خاص نوعیت کے باعث وفاداری اور قربانی کا متقاضی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے نوجوانوں کو پاک فوج کے شہدا اور آرمی چیف کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا۔
انہوں نے باور کرایا کہ ایک مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ایک مضبوط ملکی دفاع بنانا ناممکن ہے لہٰذا ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لئے مل جل کرکام کرنا ہو گا۔
اس موقع پر انہوں نے کیڈٹس پر خود کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور نئے جنگی ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت حاصل کرنے پر زور دیا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *